صنعاء،9؍اگست(ایس او نیوز ؍آئی این ایس انڈیا) عرب اتحادی فوج کے لڑاکا طیاروں نے یمن کے شہر عمران سے سعودی عرب پر داغا جانے والا بیلسٹک میزائل حملہ ناکام بنا دیا۔ذرائع نے بتایا کہ اتحادی طیاروں نے عمران شہر کے جنوب میں واقع نائنتھ بریگیڈ کی بیلسٹک میزائل داغنے والا بیٹری اور لانچنگ پیڈز کو حملے سے پہلے تباہ کر دیا۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ اتحادیوں کے اس پیشگی حملے سے پیدا ہونے والے زوردار دھماکے سے پورا علاقہ بری طرح لرز اٹھا۔ اتحادی لڑاکا طیاروں نے عمران شہر کے گرد پہاڑیوں پر واقع باغیوں کے متعدد دیگر اہم ٹھکانوں کو بھی نشانہ بنایا۔
مقامی ذرائع نے بتایا کہ اتحادی لڑاکا طیاروں نے پیر کے روز سابق معزول صدر علی عبداللہ صالح کے وفادار صدارتی گارڈز کے ایک فوجی کیمپ کو نشانہ بنایا۔ یہ فوجی کیمپ دارلحکومت صنعاء کے شمال مشرق مضافات میں ارحب کے مقام پر واقع تھا۔عینی شاہدین نے بتایا کہ صدارتی گارڈز کے 62بریگیڈ پر اتحادی طیاروں نے تقریبا بیس حملے کئے۔ اسی اثنا میں سرکاری فوج، مزاحمت کاروں اور باغی ملیشیاؤں کے ارحب کے گرد ونواح میں جھڑپوں کا سلسلہ بھی جاری رہا۔سرکاری فوج، مزاحمت کاروں اور باغیوں کے درمیان نھم اور حرض کے محاذوں پر بھی شدید لڑائی کا سلسلہ جاری رہا۔ ایک فوجی ذریعے نے بتایا کہ اتحادی فوج، یمن کی سرکاری فوج اور عوامی مزاحمت کاروں نے بنی فرج قصبے کے مقابل واقع جبل صلافیح الفقیہ کا کنڑول حاصل کر لیا ہے۔ اس کارروائی میں باغی ملیشیاؤں کو شدید ہزیمت اٹھانا پڑی۔ سرکاری فوج کے مطابق باغی ملیشاؤں کو جبل المنارہ پر ناکام حملے پر سرکاری فوج اور مزاحمت کاروں کی شدید مزاحمت کا سامنا رہا۔ اس معرکے میں باغیوں کو بھاری جانی نقصان اٹھانا پڑا۔اس کارروائی کے بعد سرکاری فوج اور مزاحمت کاروں نے آزاد علاقے میں 'کوبنگ' آپریشن شروع کیا تاکہ بچے کچھے باغیوں کا سراغ لگایا جائے۔ نیز باغیوں کے ماہر نشانچیوں اور باغیوں کے فرار سے پہلے بچھائی گئی بارودی سرنگوں کی نشاندہی کی جا سکے۔ ایک فوجی ذریعے کا کہنا ہے نھم کے علاقے میں ہمارے فوجی ایکشن منصوبے کے تحت جاری ہیں جبکہ باغی ملیشیا کو بڑے پیمانے پر پسپائی حاصل ہو رہی ہے۔عوامی مزاحمت کاروں کے فوجی دستوں نے حرض کے محاذ پر باغی ملیشاؤں پر اپنے حملے تیز کر دیئے ہیں۔ ان علاقوں میں دونوں فریقوں کے درمیان گھمسان کی جنگ جاری ہے۔ اتحادی فوج نے صورتحال کو اپنے حق میں کرنے کے لئے فضائی کور بھی طلب کر لیا ہے۔